10th Class Result 2022 9th Class Result 2022

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے افغان طالبان سے بڑی اپیل کردی


انٹر نیشنل

09/Aug/2021

News Viewed 1445 times

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے افغان طالبان سے بڑی اپیل کردی

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کے تین سالوں میں مہنگائی و بے روزگار ی میں اضافہ اور مافیاز کی گرفت مزید مضبوط ہوئی ،آٹا ، چینی ، پٹرول ، ڈرگ و لینڈ مافیاز نے باری باری ملک کو نچوڑا ،طالبان سے اپیل ہے وہ افغان شہروں میں پرامن طریقے سے داخل ہوں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تحریک انصاف(پی ٹی آئی) حکومت میں عوام مہنگائی کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے،تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگاری سے تنگ آ کر ڈگریاں جلا رہے ہیں اور خود کو بوجھ تصور کررہے ہیں،راولپنڈی میں ہر قسم کا مافیا ہے ،منشیات کے بڑے بڑے اڈے ہیں اور منشیات فروشی کا نیٹ ورک راولپنڈی میں گلی ،کوچوں،محلوں تک پھیل گیا ہے، سکولز کی بچیاں تک منشیات سے محفوظ نہیں ہیں۔

آگے بھی پڑھیں: پینٹاگون کے باہر حملے میں ایک پولیس افسر ہلاک، کئی زخمی، امریکہ کی سب سے اہم عمارت کو سیل کر دیا گیا

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں شہری صاف پانی سے محروم ہیں،بارش کے بعد سیوریج کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ بدبودار گندا پانی جمع ہو گیا ہے اور عوام یہ آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں ،کوئی نیا ہسپتال نہیں بنا ، جڑواں شہروں میں گھٹن کا ماحول ہے، شادی ہالوں کے 80 لاکھ لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں، یہی حال تعلیمی اداروں کا ہے کیونکہ کورونا کی بندشوں کی وجہ سے شادی ہالوں اور سکولوں کی عمارت کے لاکھوں روپے کے کرائے دینے پر مالکان مجبور ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ صدر ،وزیراعظم ،گورنرز کو کورونا ہوا مگر وہ کسی شادی ہال میں تو کھانا کھا کر نہیں گئے تھے، بندشوں کا سارا نزلہ غریب عوام پر گرا ہے،بھاری غیر ملکی امداد کہاں گئی؟کاروباری طبقے کی مدد تو نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی سکول کالج ،شادی ہال والے کی مدد کی گی،عوام کرب میں مبتلا ہیں جبکہ کورونا اقتصادی پیکیج بڑے بڑے سرمایہ داروں کے کارخانوں کو دے دیا گیایا پھرانتظامی اخراجات پر اڑا دیئے گئے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سخت خانہ جنگی کا خطرہ ہے، طالبان سے اپیل کرتا ہوں کہ بندوق کے زور پر شہروں کو فتح کرنے کی بجائے پرامن طورپر ان علاقوں میں داخل ہوں،تمام شراکت داروں سے مذاکرات کریں،جماعت اسلامی نے افغانستان میں امن کے لیے طویل کردار ادا کیا ہے، اب بھی اپنا فرض ادا کرتے رہیں گے ۔

متعلقہ خبریں