05/Jul/2021
News Viewed 1309 times
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے سندھ ہائی کورٹ میں وزیرا علیٰ مراد علی شاہ کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی جانب سے مراد علی شاہ کے خلاف دائرکی گئی درخواست میں موقف اپنا یا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ صاد ق اور امین نہیں ہیں انہوں نے دوہری شہریت کے باوجود 2007 میں الیکشن لڑا ،انہیں 2013میں دوہری شہریت چھپانے پر نااہل قرار دیا گیا تھا،اور الیکشن کمیشن میں جھوٹے حلف نامے درج کرائے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مراد علی شاہ کو نوٹس جاری کیاجائے جسے عدالت کی جانب سے مسترد کردیا گیا ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ دلائل دیں اور درخواست قابل سماعت ہونے پر مطمئن کریں۔
آگے بھی پڑھیں: نواز شریف کی بائی پاس سرجری ہو سکتی ہے:ڈاکٹر عدنان
دریں اثناءسندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صادق اور امین نہیں، کرپٹ اور نا اہل بھی ہیں،سندھ اسمبلی سے پوری طرح سے ناامید ہوچکے ہیں، اسمبلی میں اپنے فائدے کے لئے قوانین بنائے جاتے ہیں،اسمبلی میں ہمار ا موقف نہ سنے جانے پرعدالتوں میںآ ئے ہیں۔سندھ میں 43 لاکھ ایکڑ اراضی کی جعلی الاٹمنٹ کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے،سپریم کورٹ سندھ کی زمینوں کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائے۔
انہوں نے کہا کہ سند ھ برباد ہو چکا اور وزیرا علیٰ امریکا نکل گئے ہیں،وزیر اعلیٰ کے جہازمیں دو ایم این اور ایم پی ایز گھوم رہے ہیں،کرپٹ وزیر اعلیٰ کے خلاف پٹیشن فائل کی ہے،سندھ میں زرعی پانی کی چوری اورکتوں کے کاٹے جانے اور گندے پانی کی فراہمی پربھی عدالت سے رجوع کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب چھاپے کے بعد کچے کے ڈاکو میاں سومرو کو دھمکیاں دے رہے ہیں،کچے کے ڈاکووں کے سرپرست پکے کے ڈاکو ہیں،پولیس کے سپاہیوں کو قتل کرنے والے ڈاکو صوبائی وزیر کے محافظ ہیں۔بلاول کے زیر استعمال جہاز سندھ حکومت کا ہے،کس قانون کے تحت استعمال کیاجارہاہے؟۔